ویتنام میں خطرناک طوفان "بوالوئی" کی آمد، ہوائی اڈے بند، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

02:07 PM, 29 Sep, 2025

ہنوئی : ویتنام میں شدید سمندری طوفان "بوالوئی" کے پیش نظر حکام نے حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ طوفان کی شدت اور ممکنہ تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے چار بڑے ایئرپورٹس بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان آج رات ویتنام کے وسطی حصے سے ٹکرانے والا ہے، جس کی رفتار 133 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس طوفان سے تیز ہوائیں، موسلا دھار بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق شمالی اور وسطی علاقوں میں یکم اکتوبر تک 600 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جب کہ دریاؤں میں پانی کی سطح 9 میٹر تک بلند ہونے کا امکان ہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ ہاتین صوبے سے اب تک 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ فوجی دستے الرٹ پر ہیں اور متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ شہری گھروں کو محفوظ بنانے اور کشتیوں کو باندھنے میں مصروف ہیں۔

دا نانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت چار بڑے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ کئی پروازوں کے شیڈول تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

یہ طوفان اس سے قبل فلپائن میں بھی تباہی مچا چکا ہے، جہاں 10 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پچھلے سال ویتنام میں طوفان "یاگی" کے نتیجے میں 300 کے قریب ہلاکتیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

مزیدخبریں