کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے سٹیٹس شیئرنگ کو مزید آسان اور بہتر بنانے کے لیے نئے فیچرز متعارف کروا دیے ہیں۔ نئی اپ ڈیٹ میں سٹیٹس کا لے آؤٹ تبدیل کیا گیا ہے اور ویوز کی گنتی اب بائیں جانب نظر آئے گی، جو انسٹاگرام اسٹوریز کی طرح ہے۔
اب صارفین اپنے سٹیٹس کو براہِ راست فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کر سکیں گے۔ یہ سہولت ٹیکسٹ بیسڈ سٹیٹس پر بھی دستیاب ہے۔ تاہم، اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ میٹا کے اکاؤنٹ سینٹر سے لنک کرنا ہوگا، لیکن یہ اختیار مکمل طور پر ان کی مرضی پر منحصر ہے اور وہ جب چاہیں لنک کر سکتے ہیں یا ہٹا سکتے ہیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ چاہے اکاؤنٹ لنک ہو یا نہ ہو، صارفین کے پیغامات اور کالز ہمیشہ محفوظ رہیں گے اور ان کی پرائیویسی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن پر دستیاب ہے اور جلد ہی تمام صارفین کو فراہم کر دیا جائے گا۔