انسانی تاریخ کے اوراق گواہ ہے کہ جو اقوام اپنے ورثے کو محفوظ، ثقافت کو اجاگر اور قدرتی مناظر کو دنیاکے سامنے پیش کرتی ہیں وہی تہذیبی پہچان، معاشرتی ربط اور معاشی استحکام کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔ پاکستان کا ہر خطہ اپنے اندر ایک نیا جہان سموئے ہوئے ہے اس کی مٹی ہزاروں سال پرانی تہذیب کی گواہ ہے۔ یہاں کی زمین پر سیاحت کے جو در نایاب بکھرے ہیں حکومت پنجاب نے ان میں سے چند نگینوں کو چُن کر عالمی معیار کے زیور سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان مقامات کی ڈیزائننگ کے لیے بین الاقوامی ماہرینِ فن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ یہ وادیاں اور قلعے محض جغرافیائی نشان نہ رہیں بلکہ دنیا کے نقشے پر پاکستان کی شناخت کے درخشندہ استعارے کے طور پر ابھریں۔ کالا باغ کی وادیوں سے لے کر پتریاٹہ کے پُر سکون مناظر تک، کوٹلی ستیاں کی بلندیوں سے ڈیرہ غازی خان کے دامنِ کوہ تک، فورٹ منرو کی عظمتِ رفتہ سے جلو کے سبز آنگن تک اور کلر کہار کی جھیل سے لے کر دیگر منتخب گوشوں تک ہر منظر گویا تاریخ و قدرت کے سنگم پر ایستادہ ہے۔ حکومت کا اصل فوکس ان مقامات پر ایسا انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے جو سہولت، تحفظ اور جمالیات کو یکجا کرے تاکہ سیاح یہاں محض دل بہلانے نہ آئیں بلکہ ایک ہمہ گیر تجریہ لے کر جائیں۔ یوں یہ منصوبہ نہ صرف قومی معیشت اور مقامی روزگار کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گا بلکہ پاکستان کو عالمی سیاحت کے نقشے پر روشنی کے مینار کی صورت میں بھی اجاگر کرے گا۔ اسی تناظر میں مری کا کشمیر پوائنٹ سے نیچے اترتا جنگل ٹریک بھی ایک نئے جنم کی تیاری میں ہے، الیکٹرک ٹرین اور کارٹس متعارف کرائی جا رہی ہیں جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ سیاحوں کو منفرد تجربہ فراہم کریں گی۔ کوٹلی ستیاں میں بھی ترقی کے چراغ روشن ہیں، یہاں چیئر لفٹ اور سکائے واک گلاس بریج کی تنصیب اور پیراگلائڈنگ کلب کا منصوبہ زیرِ تکمیل ہے جو سیاحوں کو بلندیوں تک ایک یادگار اور محفوظ سفر فراہم کرے گا۔ یہ کہنا بالکل بھی غلط نہ ہو گا کہ پاکستان کی سرزمین آج امکانات اور امیدوں کی نئی صبح دیکھ رہی ہے۔ پاکستان میں سیاحت کا فروغ چند منصوبوں اور سہولیات کی فراہمی نہیں بلکہ ایک سوچ، وژن اور خواب کی تعبیر ہے۔ ایک ایسے پاکستان کا خواب جو اپنے ماضی پر نازاں ہے، حال کو بہتر اور مستقبل کو روشن بنا رہا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کی یہ وادیاں اور پہاڑ اب صرف مناظر نہیں رہے بلکہ مستقبل کے وہ دروازے ہیں جو معیشت، ثقافت اور تہذیب کی نئی جہتوں کو کھولنے والے ہیں۔ یہ منصوبے اگر اپنی روح کے ساتھ تکمیل پاتے ہیں تو آنے والا کل پاکستان کو عالمی سیاحت کے نقشے پر ایک ایسی منزل بنا دے گا جہاں ہر قدم پر قدرت اور انسان کی مشترکہ تخلیق کا حسن جھلکے گا۔ سیاحت کو اگر تفریحی اسفار یا جغرافیائی مناظر کی تماشا گاہ سمجھا جائے تو یہ تعبیر اپنی سطحیت کے باعث حقیقت کی عظمت کو مجروح کر دیتی ہے کیونکہ سیاحت ایک تہذیبی و فکری مکالمہ ہے جس میں اقوام اپنے ورثے کے آئینے میں اپنی روحانی اور جمالیاتی قامت ناپتی ہیں۔ پنجاب کے قلعے، لاہور کی فصیلیں، ملتان کے مزارات، بہاولپور کے محلات اور راوی کے کنارے بکھرے آثارِ قدیمہ اس بات کے گواہ ہیں کہ یہ خطہ محض اینٹوں اور پتھروں کا اجتماع نہیں بلکہ صدیوں کے افکار، عشق اور جلال کا امین ہے۔ مگر افسوس یہ ہے کہ ہم نے اس ورثے کو کبھی اپنی اجتماعی خودی کی صورت میں نہیں برتا بلکہ صرف عارضی سیاحتی پیکجز اور نمائشی منصوبوں کے پردے میں محدود رکھا۔ سیاحت کی دنیا میں عمارتیں، سڑکیں، چیئر لفٹس اور پل محض مادی ڈھانچے ہیں لیکن اصل جوہر اس میں چھپا ہے کہ ہم ان کے ذریعے انسان کی روح کو کس قدر وسعت دیتے ہیں۔ پہاڑ، جھیلیں اور جنگل اپنی جگہ ایک ابدی حقیقت رکھتے ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ صدیوں تک قائم رہیں گے۔
مگر یہاں اصل سوال یہ ہے کہ ہم ان سے کیسا تعلق استوار کرتے ہیں۔ اگر یہ منصوبے صرف عارضی تفریح تک محدود رہ گئے تو وہ کسی میلے کی طرح وقت کے گرداب میں کھو جائیں گے لیکن اگر ان میں انسان کی روحانی جستجو، فطرت کا احترام اور تہذیب کی پاسداری شامل ہو گئی تو یہی راستے نئی نسلوں کے خوابوں کو سہارا دیں گے۔ دنیا کی ترقی یافتہ اقوام نے اپنے قدرتی حسن کو محض منظر نہیں سمجھا بلکہ اس سے ایک تہذیبی بیانیہ تراشا۔ سوئٹزرلینڈ کی جھیلیں اس کی معیشت کی علامت بن گئیں، ترکی کے تاریخی قلعے اس کی شناخت کا حوالہ بنے اور ملائیشیا کے جنگلات ماحول دوست ترقی کا استعارہ۔ پاکستان کے پاس ان سب سے زیادہ متنوع خزانے ہیں شرط صرف یہ ہے کہ ہم ان کو صرف تفریح نہیں بلکہ اپنی اجتماعی روح کا حصہ بنائیں۔ سیاحت دراصل ایک ایسا سفر ہے جس میں انسان باہر کے مناظر دیکھتے دیکھتے اپنے اندر کے مناظر تک رسائی پاتا ہے۔ جب ایک مسافر بادلوں کے اوپر شیشے کے پل پر چلے تو وہ محض منظر سے لطف اندوز نہیں ہوتا بلکہ اسے اپنے وجود کی لطافت کا بھی احساس ہوتا ہے۔ جب وہ جنگل میں بنے ٹریک پر پرندوں کی آواز اور پتوں کی سرسراہٹ سنتا ہے تو یہ صرف آواز نہیں بلکہ کائنات کا وہ آہنگ ہے جو اس کے اندر بھی بیدار ہو رہا ہوتا ہے۔ یوں سیاحت ایک تعلیمی عمل ہے، ایک ایسا سبق جو کتابوں سے نہیں بلکہ زمین اور آسمان کی کتاب سے پڑھایا جاتا ہے۔ پاکستان آج ایک موڑ پر کھڑا ہے اگر یہ منصوبے بصیرت کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو یہ وادیاں اور پہاڑ ہمارے کل کے روشن چراغ ثابت ہوں گے لیکن اگر ان میں صرف وقتی نمائش اور دکھاوا شامل ہوا تو یہ سب کچھ چند برسوں میں زوال پذیر میلوں کی طرح بکھر جائے گا۔ ہمیں یہ سوچنا ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو کیا ورثہ دینا چاہتے ہیں، ٹوٹے ڈھانچے اور بکھرے خواب یا پھر ایسے مناظر جو ان کی روح کو جلا بخشیں اور ان کے شعور کو نئی روح عطا کریں۔ سیاحت کا اصل کمال یہ نہیں کہ کتنے لوگ کس وادی کا رخ کرتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ کتنے لوگ وہاں سے واپس آ کر اپنے اندر کی وادی کو روشن پاتے ہیں۔ اگر پاکستان اس فلسفے کو سمجھ لے تو یہ سرزمین نہ صرف اپنے لوگوں بلکہ دنیا بھر کے مسافروں کے لیے روشنی اور سکون کا مرکز بن سکتی ہے۔ یہ پہاڑ، جھیلیں، پل، جنگلات اور راستے سب مل کر ہمیں یہی پیغام دیتے ہیں کہ انسان کا سفر کبھی ختم نہیں ہوتا وہ ہر منظر میں اپنی ہی ایک نئی تصویر دیکھتا ہے اور یہی تصویر اس کے کل کی روشنی بنتی ہے۔
ترقی کی راہوں پر سیاحت کی بہار
09:20 AM, 29 Sep, 2025