پشاور میں افغان دہشت گرد گرفتار، دہشت گردی کے منصوبے ناکام: دوران تفتیش اہم انکشافات

02:48 PM, 29 Oct, 2025

پشاور: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک افغان دہشت گرد سطورے کو گرفتار کر لیا، جس نے دورانِ تفتیش ٹی ٹی پی کے نیٹ ورک اور دہشت گردی کے منصوبوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق افغان صوبے ننگرہار سے ہے۔ سطورے نے غزنی یونیورسٹی سے فقہ میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی اور کابل کے ایک مدرسے میں بطور مدرس خدمات انجام دیتا رہا۔

سطورے نے انکشاف کیا کہ اس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر قاری محمد کے ہاتھ پر بیعت کر رکھی ہے۔ کمانڈر کے احکامات پر وہ علاج کے بہانے پشاور آیا اور بعد ازاں اسے ایک مقامی مدرسے میں داخلہ لینے کی ہدایت دی گئی۔

اعترافی بیان کے مطابق قاری محمد نے سطورے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور ایک عالم دین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا حکم دیا۔ تاہم، دہشت گرد اپنے منصوبے پر عمل درآمد سے قبل ہی حساس اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سے کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک سے متعلق مزید اہم معلومات حاصل ہوں گی۔

مزیدخبریں