غزہ میں اسرائیلی حملوں کی نئی لہر، جنگ بندی معاہدہ متاثر

02:37 PM, 29 Oct, 2025

غزہ: اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی ہدایت پر اسرائیلی فوج نے غزہ پر ایک بار پھر فضائی حملے شروع کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں 15 فلسطینی شہید اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ رفاہ، خان یونس اور دیر البلاح کے علاقوں میں بھی شدید بمباری کی گئی جس سے بے شمار عمارتوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔

یہ حملے اُس وقت ہو رہے ہیں جب اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا۔ اسرائیلی حکام نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے، اور اسی بنیاد پر نیتن یاہو نے فوجی کارروائیوں کو مزید شدت دینے کا فیصلہ کیا۔

حماس نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے لاشوں کی حوالگی میں تاخیر ہوئی ہے، اور ان حملوں کے باوجود وہ جنگ بندی معاہدے پر قائم ہیں۔ حماس نے عالمی ثالثوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ مزید خونریزی روکی جا سکے اور امن قائم ہو۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں نے غزہ کے شہری علاقوں میں شدید تباہی مچائی ہے، جس سے ہزاروں فلسطینی متاثر ہوئے ہیں۔ فلسطینی حکام نے ان حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور بین الاقوامی برادری سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔

مزیدخبریں