مریم نواز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی

12:22 PM, 29 Oct, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع کی پیشکش کی۔ یہ بات انہوں نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس ملاقات میں امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان و امریکہ کے تعلقات میں گرمجوشی کی تعریف کی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات نئے امکانات کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے حالیہ سیلاب کا جس پامردی سے سامنا کیا، اس کے بعد بحالی کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ ساتھ ہی، انہوں نے پنجاب میں کلچرل ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے قدیمی ثقافتی ورثے کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا۔

مریم نواز نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں ماحول دوست منصوبوں کی بدولت ایئر کوالٹی میں بہتری آ رہی ہے۔ ساتھ ہی، سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ای بزنس پراجیکٹ کو سراہا اور کہا کہ اس پراجیکٹ کی بدولت سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں اور پنجاب میں ترقی کی رفتار بھی تیز ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں