اسلام آباد : نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیل سے بات کی اور فلسطین میں مستقل امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔
اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل نے خطے اور عالمی سطح پر پیش آنے والی تازہ ترین سیاسی پیش رفت پر بھی گفتگو کی، اور اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیر الجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
اس ملاقات سے قبل، اسحاق ڈار نے ترک وزیرِ خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا، جس میں غزہ کی صورتحال اور فلسطین میں امن کے لیے ضروری اقدامات پر بات کی گئی۔ ترک وزیرِ خارجہ نے اسحاق ڈار کو آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔