جنک فوڈ ڈائٹ کا خطرناک تجربہ: روسی فٹنس انفلوئنسر وزن بڑھاتے ہوئے جاں بحق

06:06 PM, 29 Nov, 2025

اورینبرگ:روس کے شہر اورینبرگ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ فٹنس انفلوئنسر دمتری نویانزن کا تیزی سے وزن بڑھانے کا تجربہ جان لیوا ثابت ہوا۔ دمتری نے چند ہفتوں میں اپنا وزن 25 کلوگرام بڑھانے کے لیے روزانہ دس ہزار کیلوریز پر مشتمل غیر معمولی ’’جنک فوڈ ڈائٹ‘‘ شروع کی تھی، جس میں کیک، پیسٹریز، برگر، پیزا، چپس اور مایونیز میں ڈوبے ہوئے موموز جیسے بھاری کھانے شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق صرف ایک ماہ میں دمتری کا وزن 13 کلو بڑھ گیا اور وہ 105 کلوگرام تک پہنچ گئے۔ 18 نومبر کو اپنی آخری انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے چپس کھاتے ہوئے ’’نئے سنگِ میل‘‘ کا ذکر کیا اور ساتھ ہی طبیعت کی خرابی کی نشاندہی کی۔ موت سے ایک روز قبل انہوں نے ایک کوچنگ سیشن منسوخ کیا اور دوستوں کو بتایا کہ وہ بیمار ہیں اور ڈاکٹر سے ملنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تاہم چند گھنٹوں بعد وہ نیند میں حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث چل بسے۔طبی ماہرین کے مطابق مسلسل ہائی کیلوریز اور چکنائی سے بھرپور خوراک نے ان کے دل اور اندرونی اعضا پر شدید دباؤ ڈالا، جس سے بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول میں اچانک اضافہ ہوا اور جان لیوا صورتحال پیدا ہوگئی۔

مزیدخبریں