امریکا میں افغان پاسپورٹس پر ویزا اجرا اور اسائلم فیصلے غیر معینہ مدت تک روک دیے گئے

09:28 AM, 29 Nov, 2025

واشنگٹن: امریکا نے افغان پاسپورٹ رکھنے والے تمام افراد کے لیے ویزوں کا اجرا فوری طور پر معطل کر دیا ہے جبکہ اسائلم درخواستوں پر فیصلے بھی روک دیے گئے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

فیصلے کے ساتھ ہی یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی غیر ملکی کی مکمل اسکریننگ اور سیکیورٹی جانچ سے قبل کوئی امیگریشن کیس آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔ ادارے کے ڈائریکٹر جوزیف ایڈلو نے کہا کہ تسلی بخش رپورٹ کے بغیر کسی درخواست پر کارروائی ممکن نہیں۔

یہ اقدامات وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد کیے گئے ہیں، جہاں ایک افغان نژاد شخص نے نیشنل گارڈز کو نشانہ بنایا تھا، جس میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ واقعے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ تیسری دنیا کے ممالک سے ہجرت کو مستقل طور پر محدود کیا جائے گا اور داخلی سلامتی کے لیے خطرہ افراد کی شہریت بھی منسوخ کی جاسکتی ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں