اسلام آباد / کوٹری : ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے بعد موسم نے رخ بدل لیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرد و غبار کے طوفان اور تیز ہواؤں نے دن کے درجہ حرارت کو کم ضرور کیا، مگر شہریوں کی مشکلات میں اضافہ بھی کیا۔
دوسری جانب سندھ میں بارشوں اور آندھی کے باعث کوٹری میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کم از کم 25 افراد زخمی ہوئے۔
کوٹری کے علاقے ببر اسٹاپ پر دیوار گرنے سے 10 سالہ بچہ راشد چانڈیو جاں بحق ہوا۔ بروہی چوک میں تیز ہواؤں کے باعث شہری ایاز حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوا۔
حیدرآباد، جامشورو اور دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش کے نتیجے میں درخت، بجلی کے کھمبے اور سائن بورڈ گرنے سے متعدد حادثات رپورٹ ہوئے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سسٹم آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے۔