عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں 5 جون کو سماعت کیلئے مقرر

06:28 PM, 29 May, 2025

اسلام آباد : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا پانے والے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت 5 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔

عدالتی ذرائع کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

اس سے قبل 15 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزا معطلی کی درخواستوں پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کیے تھے اور آئندہ سماعت کی ہدایت کی تھی۔ پی ٹی آئی قیادت نے مقدمے کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست کی تھی جسے منظور کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ 17 جنوری 2025 کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت نے عمران خان کو 14 سال قید اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، ساتھ ہی دونوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے تھے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں دونوں کو اضافی قید کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں