مون سون سیزن 2025: ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی

06:22 PM, 29 May, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے جولائی سے ستمبر 2025 کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی فعال بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق وسطی و شمالی پنجاب، بالائی سندھ اور مشرقی بلوچستان میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں، جب کہ جنوبی پنجاب، شمالی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشیں کم رہنے کا امکان ہے۔

ڈی جی موسمیات مہر صاحبزاد نے کہا کہ اس سال درجہ حرارت میں اضافہ بھی متوقع ہے جس کی وجہ سے خاص طور پر سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید گرمی پڑ سکتی ہے۔ ان موسمی تبدیلیوں سے گلیشیئرز کے پگھلنے اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، جو شمالی علاقوں میں سیلاب کا سبب بن سکتے ہیں۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زرعی پیداوار، پھلوں کی فصلوں اور بجلی کی فراہمی پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔

مزیدخبریں