کراچی : سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر عوامی تحفظ اور نظام کے قیام کے لیے نئے قوانین اور ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت کھالیں جمع کرنا منع ہے اور صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو ہی کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی۔ لاؤڈ سپیکر یا بینرز کے ذریعے کھالوں کے اشتہار دینے پر پابندی ہوگی۔محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عید کے دوران اس حوالے سے بھرپور چیکنگ کریں گے تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔
محکمہ داخلہ نے بتایا کہ عید کے دوران اسلحہ لائسنس معطل رہیں گے جبکہ اجتماعی قربانی کی اجازت صرف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے ذریعے دی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے جو 5 جون سے 8 جون تک جاری رہیں گی۔ سعودی عرب میں عید 6 جون کو منائی جائے گی۔