امریکہ کا چینی طلبہ پر کڑا وار، ویزے منسوخ کرنے کا اعلان

03:25 PM, 29 May, 2025

واشنگٹن: امریکہ نے چینی طلبہ کے لیے ویزا پالیسی مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ایسے چینی طلبہ جن کا تعلق براہِ راست یا بالواسطہ چینی کمیونسٹ پارٹی سے ہے، ان کے ویزے منسوخ کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی قومی سلامتی کو لاحق خدشات کے باعث یہ فیصلہ ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چینی اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے افراد کی ویزا درخواستوں کی سخت جانچ پڑتال کی جائے گی، اور ویزا جاری کرنے کے معیار پر بھی نظرثانی کی جا رہی ہے۔

اس اقدام سے ایک روز قبل امریکی حکومت نے تمام سفارتخانوں کو ہدایت کی تھی کہ چینی طلبہ کی ویزا اپائنٹمنٹس عارضی طور پر روک دی جائیں تاکہ ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کو تفصیل سے جانچا جا سکے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور چین کے تعلقات میں مسلسل تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ کچھ چینی طلبہ تحقیقی اداروں یا جامعات میں داخل ہو کر حساس معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جو سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

مزیدخبریں