پاکستان کا بڑا قدم: بٹ کوائن ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ بنانے کا اعلان

01:10 PM, 29 May, 2025

لاس ویگاس: پاکستان نے ڈیجیٹل کرنسی کی دنیا میں قدم رکھتے ہوئے بٹ کوائن کے لیے پہلا سرکاری ریزرو اور قومی بٹ کوائن والٹ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین اور کرپٹو، بلال بن ثاقب نے امریکا میں "بٹ کوائن ویگاس 2025" کانفرنس میں کیا۔

بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ یہ والٹ ملک کے سرکاری ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بنایا جا رہا ہے، اور یہ اقدام پاکستان کو کرپٹو کرنسی کی عالمی دوڑ میں شامل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 4 کروڑ سے زیادہ کرپٹو والٹس پہلے ہی موجود ہیں، اور ملک دنیا کی بڑی فری لانسنگ معیشتوں میں شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے 2000 میگاواٹ اضافی بجلی مختص کر دی ہے تاکہ نئی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے۔

تقریب میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی شریک تھے۔ بلال بن ثاقب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کرپٹو اپنانے اور خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

مزید یہ کہ حکومت نے ایک نئی "ڈیجیٹل اثاثہ جات اتھارٹی" کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے، جو پاکستان میں بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کے شعبے کو ریگولیٹ کرے گی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے گی۔

مزیدخبریں