اسلام آباد میں اہم سفارتی بیٹھک: وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کا متحرک کردار

07:38 PM, 29 Mar, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے وزیراعظم ہاؤس میں ایک اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور  لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحرانی صورتحال میں سعودی عرب کی جانب سے اختیار کیے گئے غیر معمولی تحمل کو سراہا اور واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ملک سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد  خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا۔امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے راہ ہموار کرنا۔مسلم امہ کے اتحاد کے ذریعے تنازعات کا پرامن حل نکالنا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان کے بھرپور تعاون اور پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے کی صورتحال پر سعودی عرب کے اصولی موقف سے آگاہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک امن و استحکام کے لیے اپنے قریبی رابطے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں