شامل حسین کی برق رفتار ففٹی اور ابرار کی جادوئی بولنگ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لگاتار دوسری جیت

06:38 PM, 29 Mar, 2026

لاہور : پاکستان سپر لیگ (PSL) کے پانچویں ٹکرائو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگزمین کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 40 رنز سے میدان مار لیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ کے نوجوان ٹیلنٹ اور بولرز نے حیدرآباد کی ایک نہ چلنے دی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 174 رنز کا مجموعہ بورڈ پر سجایا۔ اننگز کی خاص بات ابھرتے ہوئے ستارے شامل حسین کی مسلسل دوسری نصف سنچری (54 رنز) تھی۔ ان کا بھرپور ساتھ حسن نواز نے 53 رنز بنا کر دیا، جبکہ ٹام کرن نے آخری لمحات میں 31 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ کنگزمین کے میریڈتھ نے 3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔
175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 134 رنز تک محدود رہی۔ کپتان مارنس لبوشین (23)، عرفان خان نیازی (33) اور حسان خان (31) کی کوششیں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
کوئٹہ کے اسپنر ابرار احمد نے اپنی گھومتی گیندوں سے حریف بلے بازوں کو بے بس کر دیا اور 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ احمد دانیال نے 2، جبکہ الزاری جوزف، عثمان طارق اور سعود شکیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مزیدخبریں