انسان کی سرگرمیوں میں لالچ آنے کے بعد اب موسم کی تبدیلی صرف درجہ حرارت کا اتار چڑھاو¿ نہیں رہی بلکہ یہ طرزِ زندگی میں تبدیلی کا ایک فطری اشارہ بھی بن چکی ہے لیکن کاہلی اور سستی کے سبب ہم ان اشاروں کو سننے کے عادی نہیں رہے۔ ہم نے اپنے دن اور رات کی ترتیب کو اس قدر الٹ دیا ہے کہ نہ صرف ہماری معاشی رفتار متاثر ہو رہی ہے بلکہ ہمارے جسمانی اور ذہنی نظام بھی بگڑ چکے ہیں۔ جب سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ روشنی اور توانائی بانٹ رہا ہوتا ہے تو ہم سستی اور نیم خوابی کی کیفیت میں ہوتے ہیں اور جب رات اپنے سکون اور آرام کا تقاضا کرتی ہے تب ہم بازاروں کی چمکتی روشنیوں میں خود کو تھکاتے رہتے ہیں۔ یہ رویہ نہ صرف غیر فطری ہے بلکہ ایک ایسے معاشی اور سماجی بحران کو جنم دے رہا ہے جسے ہم نے خود اپنے ہاتھوں سے پیدا کیا ہے۔ ڈے ٹائمنگ کے بھرپور استعمال کا تصور کوئی نیا یا پیچیدہ فلسفہ نہیں ہے بلکہ یہ وہ سادہ سا اصول ہے جس پر دنیا کی ترقی یافتہ اقوام اپنی زندگیوں اور معیشت کو استوار کرتی ہیں۔ جرمنی میں دکانیں عموماً صبح 8 یا 9 بجے کھلتی ہیں اور شام 6 یا 7 بجے بند ہو جاتی ہیں جبکہ اتوار کے دن مکمل تعطیل ہوتی ہے۔ برطانیہ میں بھی زیادہ تر مارکیٹیں شام کے وقت بند ہو جاتی ہیں اور لوگوں کی اکثریت اپنی خریداری دن کے اوقات میں مکمل کر لیتی ہے۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات جیسے ملک جہاں گرمی شدت اختیار کرتی ہے تو وہاں بھی کاروباری سرگرمیوں کو موسم کے مطابق ترتیب دیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود ایک نظم اور حد بندی قائم رکھی جاتی ہے تاکہ توانائی اور وقت دونوں کا مو¿ثر استعمال ہو سکے۔
ان ممالک کی کامیابی کا راز صرف وسائل کی فراوانی نہیں بلکہ ان وسائل کا درست اور فطری استعمال ہے۔تعلیم یافتہ جاپان میں اوقات کار اور کاروباری اوقات 8 سے 5 ہیں۔ ہوٹل صبح سے لنچ تک کھلتے ہیں اور پھر شام سے ڈنر تک۔ ہوٹل ایک گھنٹے پہلے آڈر لینا بند کردیتے ہیں۔ اسپتال فارمیسی وغیرہ 24 /7 کھلے ہوتے ہیں پبلک ٹرانسپورٹ اور
پرائیویٹ گاڑیاں بھی 9 بجے تک بند ہوجاتی ہیں مگر ضرورت کے تحت سب کو اجازت ہے سورج کی روشنی جو ایک مفت اور قدرتی نعمت ہے وہاں بھرپور طریقے سے استعمال کی جاتی ہے۔ دن کے وقت کاروبار کرنے سے نہ صرف بجلی کی بچت ہوتی ہے بلکہ انسانی جسم بھی اپنی فطری گھڑی کے مطابق بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔ اس کے برعکس ہم نے اپنی معیشت کو مصنوعی روشنیوں کے سہارے کھڑا کر رکھا ہے جہاں رات گئے تک بازار کھلے رکھنے کا کوئی واضح جواز موجود نہیں سوائے اس کے کہ ہم نے اسے ایک روایت بنا لیا ہے اور سچ یہی ہے کہ یہ روایت اب بوجھ بن چکی ہے۔ دکاندار رات گئے تک جاگنے پر مجبور ہیں، مزدوروں کی نیند متاثر ہو رہی ہے، خواتین اور بچوں کی سیکیورٹی کے مسائل بڑھ رہے ہیں اور سب سے بڑھ کر بجلی کا بے دریغ استعمال ایک ایسے ملک کے لیے تباہ کن ہے جو پہلے ہی توانائی کے بحران سے دوچار ہے۔ ہم دن کے وقت سستی کا شکار رہتے ہیں اور رات کو جاگ کر خود کو مصروف ظاہر کرتے ہیں گویا ہم نے محنت کے تصور کو بھی وقت کے ساتھ مسخ کر دیا ہے۔
یہاں ایک اور پہلو بھی توجہ کا متقاضی ہے کہ ہم نے نہ صرف اپنے اوقات کو غیر فطری بنایا ہے بلکہ اپنے وسائل کے استعمال میں بھی بے اعتدالی پیدا کر لی ہے۔ بجلی جو کہ پہلے ہی محدود اور مہنگا ذریعہ توانائی ہے، اسے ہم نے ضرورت کے بجائے عادت کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ دن کے اجالے میں بند کمروں میں مصنوعی روشنی جلانا اور رات کے اندھیرے میں بازاروں کو دن میں بدل دینا ایک ایسی روش ہے جو نہ صرف معیشت پر بوجھ ڈالتی ہے بلکہ ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔ توانائی کے بحران کا رونا رونے والی قوم اگر اپنی عادات پر نظر ڈالے تو مسئلے کا ایک بڑا حل خود اس کے طرزِ زندگی میں پوشیدہ نظر آتا ہے۔یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ جب معاشرہ اپنی فطری ترتیب سے ہٹتا ہے تو اس کے اثرات صرف معیشت تک محدود نہیں رہتے بلکہ سماجی رویوں میں بھی بگاڑ پیدا ہونے لگتا ہے۔ رات گئے تک بازاروں کا کھلا رہنا نہ صرف غیر ضروری ہجوم کو جنم دیتا ہے بلکہ جرائم کی شرح میں اضافے کا سبب بھی بنتا ہے۔ تھکے ہوئے ذہن اور بوجھل جسم فیصلوں کی صلاحیت کو متاثر کرتے ہیں اور یوں ایک غیر متوازن معاشرہ جنم لیتا ہے جہاں سکون اور تحفظ دونوں ناپید ہونے لگتے ہیں۔ اس کے برعکس دن کے اوقات میں سرگرمیوں کو محدود کرنا نہ صرف نظم و ضبط کو فروغ دیتا ہے بلکہ زندگی میں ایک فطری توازن بھی پیدا کرتا ہے جو ہر صحت مند معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔
اگر ہم واقعی بہتری چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی۔ مارکیٹوں کو صبح سات بجے سے شام سات بجے تک محدود کرنا کوئی ناممکن کام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا قدم ہے جو ہماری معیشت، صحت، اور سماجی ڈھانچے تینوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف توانائی کی بچت ہوگی بلکہ لوگوں کو اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا جو کہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔ بچوں کو اپنے والدین کی توجہ ملے گی، گھروں میں سکون کا ماحول پیدا ہوگا اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل پائے گا جہاں انسان مشین نہیں بلکہ ایک زندہ اور محسوس کرنے والی ہستی کے طور پر اپنی زندگی گزار سکے گا۔یہ بات سمجھنے کی بھی ضرورت ہے کہ ترقی صرف بڑی عمارتوں اور مصروف سڑکوں کا نام نہیں بلکہ یہ ایک منظم اور متوازن طرزِ زندگی کا نتیجہ ہوتی ہے۔ جب تک ہم اپنی عادات کو فطرت کے اصولوں کے مطابق نہیں ڈھالیں گے، ہم چاہے جتنی بھی محنت کر لیں اس کا حاصل محدود ہی رہے گا۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم روشنی کو صرف دیکھنے کے لیے نہیں بلکہ سمجھنے کے لیے استعمال کریں، اس کی قدر کریں اور اسے اپنی زندگیوں میں درست انداز میں جگہ دیں۔ موسم بدل چکا ہے اب فیصلہ ہمیں کرنا ہے کہ کیا ہم بھی بدلنے کے لیے تیار ہیں یا پھر اسی مصنوعی روشنی میں اپنی تھکن اور مسائل کو بڑھاتے رہیں گے، یہاں تک کہ روشنی ہونے کے باوجود ہم اندھیروں میں ہی جیتے رہیں۔
وقت، توانائی اور معاشرتی توازن کی نئی سمت، انرجی بچائیں
09:01 AM, 29 Mar, 2026