بلوچستان میں کانگو وائرس کا پہلا کیس رپورٹ، پشین کا 18 سالہ نوجوان متاثر

08:47 PM, 29 Mar, 2025

کوئٹہ: بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق، متاثرہ نوجوان کی عمر 18 سال ہے اور اس کا تعلق ضلع پشین سے بتایا جاتا ہے۔

مریض کو دو روز قبل ناک اور منہ سے خون آنے کی شکایت پر اسپتال لایا گیا تھا۔ ابتدائی طبی معائنے اور خون کے ٹیسٹ کے بعد کانگو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق، کانگو وائرس زیادہ تر مویشیوں کی کھال پر موجود چیچڑوں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ چیچڑیاں عام طور پر گائے، بیل، بکری، بھینس، اونٹ، دنبے اور بھیڑ کی کھال سے چپکی رہتی ہیں۔ چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسانی جسم میں داخل ہو جاتا ہے۔

کانگو وائرس سے متاثرہ مریضوں میں خون بہنے کی علامات ظاہر ہوتی ہیں، جو بعض اوقات موت کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ ماہرین نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ مویشیوں کے قریب جاتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

مزیدخبریں