اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر بات کی اور عیدالفطر کے موقع پر انہیں مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم آفس کے مطابق، اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بات چیت کی۔
وزیراعظم نے غزہ میں امن کے قیام کے لیے امیر قطر کے فعال کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے جو سرگرم اقدامات کیے ہیں، وہ دنیا کے لیے ایک مثبت مثال ہیں۔
امیر قطر نے وزیراعظم کی عید کی مبارکباد کو خوشی سے قبول کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وزیرِ اعظم کے قطر کے دورے کے دوران منظر آرٹ گیلری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
امیر قطر نے وزیراعظم کو بتایا کہ عید کے بعد ایک اعلیٰ سطحی قطری وفد پاکستان کا دورہ کرے گا جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر لاہور میں پاکستان-قطر ثقافتی نمائش کے انعقاد کی تجویز دی، جسے امیر قطر نے پذیرائی دی۔ وزیرِ اعظم نے قطر کے امیر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جسے شیخ تمیم بن حمد الثانی نے خوشی سے قبول کیا۔