اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اقلیتی حقوق کا علمبردار بننے کے قابل نہیں کیونکہ وہ خود ان حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں میں ملوث رہا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتی حقوق کی پامالی کے مختلف واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور حکومت بھارت نے اس پر کبھی سنجیدگی سے توجہ نہیں دی۔ انہوں نے بھارت کے مختلف اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت اور تشدد کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس کی گواہی مختلف تاریخی واقعات جیسے 2002 کا گجرات قتل عام، 2020 دہلی فسادات اور بابری مسجد کے انہدام میں ملتی ہے۔
پاکستان نے بھارتی حکومت سے کہا کہ وہ دوسروں کے حقوق کا ڈھونگ رچانے کے بجائے اپنے اندرونی مسائل حل کرے اور اقلیتی کمیونٹیز کی حفاظت اور بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔