نیوزی لینڈ کی شاندار فتح، پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل

12:12 PM, 29 Mar, 2025

نیپئر : نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں فتح حاصل کر لی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 345 رنز کا ہدف پاکستان کو دیا، جس کے جواب میں قومی ٹیم 44.1 اوورز میں 271 رنز ہی بنا سکی۔

 پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی اننگز ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوئی اور 50 رنز تک تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، لیکن اس کے بعد مارک چیپمین اور ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے 199 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ چیپمین نے 132 رنز بنائے جبکہ مچل نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عباس نے 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نیوزی لینڈ کو 344 رنز تک پہنچایا۔

پاکستان کی جانب سے عرفان خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف اور عاکف جاوید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

 پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار ہوئی۔ اوپنرز عبداللہ شفیق اور عثمان خان نے 83 رنز کی شراکت داری قائم کی، لیکن اس کے بعد مسلسل وکٹیں گرنے لگیں۔ بابر اعظم نے 78 رنز اور سلمان آغا نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن پاکستان مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکا اور 271 رنز پر آؤٹ ہو گیا۔ نیوزی لینڈ کے نیتھن سمتھ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اور جیکب ڈفی سمیت دیگر باؤلرز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

مزیدخبریں