غیر فعال سم پر واٹس ایپ اکاؤنٹس متاثر ہونے کا خدشہ

06:08 PM, 29 Jun, 2026

اسلام آباد:  پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو فوری طور پر ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو لازماً ایک فعال اور رجسٹرڈ سم نمبر کے ساتھ منسلک رکھیں۔

نجی ٹی وی رپورٹس کے مطابق پی ٹی اے نے متنبہ کیا ہے کہ غیر فعال، بلاک شدہ، ڈی ایکٹیویٹ یا غیر رجسٹرڈ سمز پر استعمال ہونے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی مستقبل قریب میں متاثر ہو سکتی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ، رابطہ نمبرز، پیغامات اور صارف کی ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ یہ سروس ہمیشہ ایک درست اور فعال سم کے ساتھ منسلک ہو۔

پی ٹی اے نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس بات کی تصدیق کریں کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ایک فعال اور استعمال کے قابل سم پر چل رہا ہے، اور اگر موجودہ سم غیر فعال ہو چکی ہے تو اکاؤنٹ کو فوری طور پر کسی دوسری فعال سم پر منتقل کیا جائے۔

مزید ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ایسی صورتحال میں صارفین اپنے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے بھی رجوع کر سکتے ہیں، جہاں بائیومیٹرک تصدیق اور سم کی دوبارہ جانچ کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔

پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ صارفین کو اچانک لاگ آؤٹ یا اکاؤنٹ بند ہونے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ موبائل نمبر اب صرف رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ ڈیجیٹل شناخت کا بنیادی حصہ بن چکا ہے۔
 

مزیدخبریں