واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے رابطہ کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ملاقات دوحہ میں متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "ایران نے ملاقات کی درخواست کی ہے، اور یہ ملاقات کل دوحہ میں ہوگی۔ ایران کو ایٹمی اثاثے حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے جوہری پروگرام پر اپنی پالیسی جاری رکھے گا اور خطے میں جوہری پھیلاؤ کو روکنا واشنگٹن کی ترجیح ہے۔
صدر ٹرمپ نے تیل کی عالمی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خام تیل کی قیمت 69 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے اور مزید کمی کا رجحان جاری ہے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال امریکی اقدامات کی کامیابی کی نشاندہی کرتی ہے۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت کے امکانات پر عالمی سطح پر توجہ بڑھ گئی ہے، تاہم مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ سمجھوتے پر ہوگا۔