تہران: ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے اسرائیل کے ساتھ حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کا ساتھ دینے پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق، جنرل موسوی نے پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کی حکومت اور عوام کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت نے ایران کا حوصلہ بلند کیا۔
واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر حملے شروع کیے تھے، جن میں ایرانی افواج کے اعلیٰ افسران اور اہم جوہری سائنسدان شہید ہوئے۔ اس کے بعد امریکی افواج نے بھی ایران کی جوہری تنصیبات، بشمول نطنز، فردو اور اصفہان، پر فضائی حملے کیے۔
ان حملوں کے ردعمل میں ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے کیے، جن میں کئی حساس اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
اس صورت حال کے بعد خطے میں کشیدگی میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا، تاہم 23 جون کو عالمی ثالثی کے تحت ایک غیر رسمی جنگ بندی عمل میں آئی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایران نے کھلے عام پاکستانی قیادت کی حمایت کو سراہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔