اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکی کے وزیر خارجہ حکان فدان سے رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے آپس میں جاری دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ساتھ چلنے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جولائی میں ملائیشیا میں ہونے والے آسیان ریجنل فورم سے متعلق بھی مشورہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ اسحاق ڈار اگلے ماہ چار اہم ممالک کا دورہ کریں گے جن میں آذربائیجان، چین، امریکا اور ملائیشیا شامل ہیں۔
اس دوروں کا آغاز آذربائیجان سے ہوگا،پھر وہ چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے، اس کے بعد اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کمیٹی کی صدارت کے لیے امریکا کا سفر کریں گے، اور آخر میں آسیان ریجنل فورم کے لیے ملائیشیا جائیں گے۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پسِ پردہ ایران کی سیاسی حمایت کی تاکہ اسے عالمی سطح پر تنہا نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سے اچھے تعلقات کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ہر بات میں اس کا ساتھ دیں، جو غلط ہوگا اس کی مخالفت کی جائے گی۔