غزہ : اسرائیلی بمباری میں حماس کے بانی رہنما محمد عیسیٰ العیسی سمیت 60 سے زائد فلسطینی شہید

10:13 AM, 29 Jun, 2025

غزہ : غزہ میں اسرائیل کی جاری بمباری میں حماس کے بانی رہنما محمد عیسیٰ العیسی شہید ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اور حماس کے جنگجو ونگ کے سربراہ محمد عیسیٰ العیسی کو صابرہ میں نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا ہے۔

اسی دوران اسرائیل کی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مزید 60 سے زائد بے گناہ فلسطینی بھی مارے گئے ہیں۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں حملے جاری ہیں جن میں پناہ گزین کیمپ، اسکول اور رہائشی علاقے شامل ہیں۔ غزہ شہر کے جافا اسکول کے قریب ایک حملے میں پانچ بچوں سمیت آٹھ افراد شہید ہوئے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک مرنے والوں کی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 33 ہزار سے زیادہ ہے۔ تاہم اسرائیلی ذرائع کے مطابق یہ اعداد و شمار اصل صورتحال سے بہت کم ہیں اور حقیقی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

اسرائیل نے لبنان کے ساتھ طے شدہ جنگ بندی کو بھی دوبارہ توڑا ہے اور ڈرون حملے میں دو لبنانی شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیل کی اس جارحیت اور امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد لینے والے شہری جان بوجھ کر نشانہ بنائے جا رہے ہیں، جو ایک غیر انسانی عمل ہے۔

مزیدخبریں