ٹرمپ کی نیتن یاہو کے حق میں بیان، عدالتی کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار

10:20 AM, 29 Jun, 2025

واشنگٹن :  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حمایت میں سامنے آ گئے ہیں۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو کے خلاف جاری کرپشن کیسز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عدالتی کارروائی کو "خوفناک" اور غیر مناسب قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو اس وقت حماس کے ساتھ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات چیت میں مصروف ہیں، ایسے نازک موقع پر ان پر مقدمات کا دباؤ ڈالنا نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ مذاکراتی عمل کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ٹرمپ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "جو شخص ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف امریکا کے ساتھ مل کر کامیابیاں حاصل کر چکا ہے، کیا وہ اب اپنا وقت عدالتوں میں گزارے گا؟"

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ہر سال اسرائیل کو اربوں ڈالر کی امداد دیتا ہے، اس لیے امریکی حکومت کو اس عدالتی عمل پر سنجیدہ تحفظات ہیں اور وہ نیتن یاہو جیسے اہم اتحادی کے ساتھ ایسا سلوک برداشت نہیں کرے گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی عدالت میں نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات جاری ہیں، جبکہ ان کی حکومت پر حماس سے معاہدے کے حوالے سے بھی شدید دباؤ ہے۔

دوسری طرف، اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف عوامی احتجاج بڑھتا جا رہا ہے۔ تل ابیب میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی اور غزہ میں جنگ کو طول دینے پر حکومت پر سخت تنقید کی۔

مظاہرین نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کی پالیسیاں نہ صرف خطے میں تباہی پھیلا رہی ہیں بلکہ اسرائیلی معاشرے کو اندرونی طور پر تقسیم کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں