اسلام آباد : ملک کے مختلف حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق مسلسل بارشوں کی وجہ سے مختلف شہروں میں ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے۔ اس حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ مقامی انتظامیہ پیشگی اقدامات کر سکے۔
سندھ کے مختلف اضلاع، جن میں کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی اور تھرپارکر شامل ہیں، میں بھی مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے چیئرمین سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر، خاص طور پر متاثرہ اور بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ریسکیو ادارے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام مکمل طور پر الرٹ رہیں اور عوام کو موبائل پیغامات کے ذریعے بروقت موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔