شمالی وزیرستان حملہ: صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت، شہداء کو سلام

12:07 AM, 29 Jun, 2025

اسلام آباد :شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگرد حملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بزدلانہ کارروائی کی سخت مذمت کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے دہشتگردی کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 13 جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سپوت مادرِ وطن کے حقیقی محافظ اور قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان کے دفاع کو مضبوط کیا، اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

صدر نے فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 14 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملک دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے یکجا اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے زخمی بچوں اور خاتون کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کا زخمی ہونا انتہائی افسوسناک ہے، اور اس دکھ کی گھڑی میں حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب جوابی کارروائی پر انہیں سراہا اور کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد پاکستان کے امن کو تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی یہ سازشیں ہمیں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔

مزیدخبریں