اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں، مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد اور مسجد اقصیٰ کی مبینہ خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان اقدامات کی مذمت کی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران پر بھی گفتگو کی اور شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے اور باہمی مشاورت برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔