فہد شیخ نے محمد احمد سے مبینہ بدسلوکی کے الزام کو مسترد کردیا، معافی بھی مانگ لی

09:06 PM, 29 Jul, 2026

لاہور : اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ بدتمیزی اور ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو کو اصل صورتحال سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

معاملہ اس وقت زیرِ بحث آیا جب محمد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا کہ ایک نوجوان اداکار نے شوٹنگ کے دوران ان کا مذاق اڑایا اور ایسا رویہ اختیار کیا جس سے انہیں دکھ پہنچا۔ ان کے بیان کے بعد شوبز شخصیات نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیا اور متعلقہ اداکار سے معذرت کا مطالبہ کیا۔

فہد شیخ نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ محمد احمد ان کے سینئر ہیں اور وہ ہمیشہ ان کا احترام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق سیٹ پر فنکاروں کے درمیان دوستانہ ماحول ہوتا ہے جہاں ہنسی مذاق کو بعض اوقات غلط انداز میں سمجھ لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی محمد احمد سے معذرت کر چکے ہیں، تاہم اگر ان کی ذاتی معافی کافی نہیں سمجھی گئی تو وہ عوامی طور پر بھی معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔ فہد شیخ نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کبھی اپنے سینئر اداکار کی دل آزاری یا توہین کرنا نہیں تھا۔

اداکار نے مزید کہا کہ سیاق و سباق کے بغیر ویڈیو پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب محمد احمد نے ساتھی فنکاروں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انڈسٹری کے لوگوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور حوصلہ افزائی نے بہت متاثر کیا ہے۔

مزیدخبریں