پہلے ٹیسٹ میں شکست، سرفراز احمد نے دوسرے میچ کے لیے ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا

08:22 PM, 29 Jul, 2026

لاہور: پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دوسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کر دیا۔

پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکی، خاص طور پر دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں پاکستان کو برتری حاصل کرنی چاہیے تھی۔ امام الحق اچھی فارم میں نظر آ رہے تھے، اگر وہ مزید وقت کریز پر گزار لیتے تو ٹیم بہتر پوزیشن میں آ سکتی تھی۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کی آٹھویں وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت نہیں بننی چاہیے تھی، کیونکہ پچ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار تھی اور اس موقع پر حریف ٹیم کو روکنا ضروری تھا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے وکٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا، اور امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپسی کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعود شکیل اور عبداللہ شفیق کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ میچ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 120 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، جبکہ آٹھ پاکستانی بیٹرز ڈبل فگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔

مزیدخبریں