واٹس ایپ ویب صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، آڈیو اور ویڈیو کالنگ سمیت کئی نئے فیچرز متعارف

07:28 PM, 29 Jul, 2026

کیلیفورنیا:  میٹا نے واٹس ایپ کے ویب ورژن کو مزید جدید بناتے ہوئے اس میں آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی سہولت شامل کر دی ہے، جس کے بعد صارفین بغیر کسی اضافی ایپ کے اپنے ویب براؤزر سے بھی کالز کر سکیں گے۔

کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق واٹس ایپ ویب میں کالنگ فیچر کے ساتھ متعدد نئی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں کال کے دوران ری ایکشنز بھیجنے، اسکرین شیئر کرنے اور کالز کے لیے الگ ٹیب شامل ہے، جہاں صارفین اپنی سابقہ کالز کا ریکارڈ دیکھ سکیں گے۔

میٹا نے بتایا کہ ویب ورژن کے ذریعے کی جانے والی تمام آڈیو اور ویڈیو کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے محفوظ ہوں گی، جبکہ کال کے دورانیے پر کسی قسم کی وقت کی پابندی بھی عائد نہیں ہوگی۔

کمپنی کے مطابق صارفین اب جاری کال کو کسی تعطل کے بغیر ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس پر منتقل بھی کر سکیں گے۔ اس فیچر کے ذریعے موبائل فون پر جاری کال کو باآسانی واٹس ایپ ویب یا ڈیسک ٹاپ ایپ پر منتقل کیا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ کالز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نوائز سپریشن (Noise Suppression) فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، جو گفتگو کے دوران پس منظر میں موجود غیر ضروری آوازوں کو کم کر دے گا تاکہ آواز زیادہ واضح سنائی دے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ ویڈیو کالز اب خودکار طور پر ایچ ڈی (HD) معیار میں شروع ہوں گی، جس سے صارفین کو پہلے سے زیادہ صاف اور بہتر ویڈیو کالنگ کا تجربہ حاصل ہوگا۔

کمپنی کے مطابق ان تمام نئے فیچرز کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور انہیں مرحلہ وار دنیا بھر کے واٹس ایپ ویب صارفین تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں