کراچی کو اس حال میں دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے ، شاہد آفریدی

07:09 PM, 29 Jul, 2026

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی میں بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے معاشی مرکز کی موجودہ حالت افسوسناک ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے بتایا کہ وہ کافی عرصے بعد کراچی آئے تھے اور انہیں امید تھی کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نمایاں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی، مگر حالات میں کوئی خاص بہتری نظر نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی کے دورے کے دوران شہر کی خستہ حال سڑکیں اور دیگر مسائل دیکھ کر انہیں شدید مایوسی ہوئی۔ ان کے مطابق کراچی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں لاکھوں افراد کا روزگار اور اربوں روپے کی تجارتی سرگرمیاں وابستہ ہیں، اس لیے شہر کو بہتر سہولیات ملنی چاہئیں۔

سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ کورنگی، سائٹ ایریا اور یونیورسٹی روڈ سمیت متعدد علاقوں میں ترقیاتی کام برسوں سے ادھورے پڑے ہیں، جس کے باعث شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

شاہد آفریدی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مؤثر منصوبہ بندی اور سنجیدہ کوششوں سے کراچی دوبارہ ایک ترقی یافتہ اور بہتر شہر بن سکتا ہے۔

مزیدخبریں