ممبئی: بھارتی سینما کے نامور اداکار دیو آنند کے بیٹے، اداکار اور فلم ساز سنیل آنند لندن میں 70 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سنیل آنند کو اچانک دل کا شدید دورہ پڑا، جس کے باعث انہیں بچایا نہ جا سکا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ انہوں نے اسی ہسپتال میں دم توڑا جہاں ان کے والد دیو آنند کا بھی 2011 میں انتقال ہوا تھا۔
مرحوم کی بھتیجی جینا نارنگ نے خاندان کی جانب سے جاری پیغام میں کہا کہ اہلِ خانہ اس غم کی گھڑی میں ملنے والی دعاؤں، تعزیت اور تعاون پر سب کے ممنون ہیں۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ خاندان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔
سنیل آنند نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1984 میں فلم "آنند اور آنند" سے کیا، تاہم یہ فلم بزنس کے لحاظ سے کامیاب ثابت نہ ہو سکی۔ اس کے بعد وہ "کار تھیف" (1986) اور "میں تیرے لیے" (1988) سمیت چند فلموں میں جلوہ گر ہوئے، لیکن بطور اداکار انہیں خاطر خواہ پذیرائی حاصل نہ ہوئی۔
اداکاری میں محدود کامیابی کے بعد سنیل آنند نے فلم سازی اور انتظامی شعبے پر توجہ مرکوز کی اور اپنے والد کے قائم کردہ پروڈکشن بینر "نوکیتن فلمز" کے معاملات کی نگرانی کی، جہاں انہوں نے طویل عرصے تک اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔