آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا، انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے: عظمی بخاری

02:35 PM, 29 Jul, 2026

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو الزام تراشی کے بجائے عملی کارکردگی دکھائی جانی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک جماعت خود کو جمہوری قرار دیتی ہے لیکن اس کے غیر جمہوری رویے اب سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا، انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو جنوبی پنجاب کی فکر ہے لیکن سندھ میں طویل عرصے سے حکومت کے باوجود عوامی مسائل حل نہیں کیے گئے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے سوال کیا کہ سندھ حکومت 18 سال میں اپنی کارکردگی سے متعلق عوام کو کیا جواب دے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ نظام، صفائی اور دیگر بنیادی مسائل اب بھی موجود ہیں، جبکہ سندھ کے ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی کا حساب دینا چاہیے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے بلاول بھٹو کو پنجاب کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں ہونے والی ترقی اور عوامی منصوبے خود دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود جمہوری روایات اور عوامی فیصلوں کا احترام ضروری ہے۔

مزیدخبریں