نئی دہلی: بولی وڈ کی معروف اداکارہ کرشمہ کپور نے اپنے سابق شوہر اور کاروباری شخصیت سنجے کپور کے انتقال کے بعد ان کی 31 ہزار کروڑ روپے کی جائیداد سے اپنے حصے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ کرشمہ اور سنجے کپور کی شادی 2003 میں ہوئی تھی، اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔ تاہم، ان کی شادی کے چند سال بعد ہی تعلقات میں کشیدگی آنا شروع ہو گئی تھی، اور بالآخر 2014 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کی، جس کے بعد 2015 میں ان کی طلاق ہو گئی۔
کرشمہ کپور کے سنگین الزامات
کرشمہ کپور نے 2016 میں سنجے کپور پر گھریلو تشدد اور جنسی غلامی جیسے الزامات بھی عائد کیے تھے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ سنجے نے ان سے ان کی شہرت اور دولت کی وجہ سے شادی کی تھی، اور شادی کے دوران ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنے شوہر کے مرد دوستوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کریں۔
سنجے کپور کے انتقال کے بعد ان کی جائیداد اور کمپنی کی ملکیت پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ سنجے کپور کی والدہ نے اس معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان پر اپنے بیٹے کی کمپنی کے کاغذات پر دستخط کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی موت کے بعد انہیں دکھ کرنے کا موقع نہیں دیا گیا اور جھوٹے شیئر ہولڈرز نے ان سے دستخط کروائے۔
اگرچہ سنجے کپور کی والدہ نے کرشمہ کپور کا نام نہیں لیا، لیکن بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے اپنے بچوں کے حصے کا مطالبہ کیا ہے۔ کرشمہ کپور نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔
یہ معاملہ اب تک جاری ہے اور قانونی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا امکان ہے۔