اسلام آباد : 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیسز میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے۔ سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے بتایا کہ اس کیس میں التوا کی درخواست دی گئی ہے۔ عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وکیل سلمان صفدر اس وقت بیرونِ ملک ہیں، اس لیے سماعت اگلے ہفتے تک مؤخر کی جائے اور فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں۔
تاہم عدالت نے یہ استدعا قبول نہیں کی اور سماعت کو 12 اگست تک ملتوی کر دیا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی ہیں۔