مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ضروری ہے، سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس

11:57 AM, 29 Jul, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو انتہائی تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ضروری ہے۔ اقوام متحدہ میں فلسطین کے دو ریاستی حل پر ہونے والی 3 روزہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تنازعہ پورے خطے کو غیر مستحکم کر رہا ہے اور اس کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

گوتریس نے غزہ کی تباہی کو "ناقابل برداشت" قرار دیا اور کہا کہ اس تباہی کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کا مسئلہ دنیا کے سامنے ہے اور اس پر مزید خاموش رہنا ممکن نہیں۔ انہوں نے اس کانفرنس کو ایک بروقت اقدام اور اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم مسئلے کے حل کی طرف ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہو سکتا ہے اور قبضے کے خاتمے کی طرف اہم پیش رفت کا آغاز کر سکتا ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس کانفرنس سے ایک قابل عمل دو ریاستی حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جو فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن کے قیام کی مشترکہ خواہش کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ بنے گی۔

مزیدخبریں