امریکہ ، اسرائیل نے فلسطین کے دو ریاستی حل پر اقوام متحدہ کی کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا

10:31 AM, 29 Jul, 2025

نیویارک: امریکا اور اسرائیل نے فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ یہ کانفرنس غلط وقت پر بلائی گئی ہے اور اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد حماس کی حوصلہ افزائی کرنا تھا، جبکہ امریکا غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی ذرائع پر توجہ دے رہا ہے۔

ٹیمی بروس نے واضح کیا کہ امریکا مشرق وسطیٰ کے مسئلے کا حل اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر تلاش کرتا رہے گا اور اس مقصد کے لیے وہ اپنے سفارتی تعلقات مضبوط رکھے گا۔

کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینی ریاست کے قیام تک سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے یا اسے تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ شہزادہ فیصل نے کہا کہ اسرائیل-فلسطین تنازعہ کا حل صرف دو ریاستی حل میں ہے، اور اس سے ہی خطے میں استحکام اور امن آ سکتا ہے۔

انہوں نے فلسطینیوں کے حقوق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو اپنے جائز حقوق حاصل کرنے کا حق ہونا چاہیے، خاص طور پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام جو 1967ء کی سرحدوں کے اندر ہو اور اس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

شہزادہ فیصل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب اور فرانس نے عالمی بینک کے ذریعے فلسطین کے لیے 300 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے، اور غزہ میں فوری طور پر انسانی تباہی کو روکنا ضروری ہے۔

مزیدخبریں