لاہور: پاکستان نے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ یہ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا، اور میچ کی پہلی گیند پر صاحبزادہ فرحان صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور دلکش شاٹس کھیل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔ تاہم، 74 رنز کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد سلمان علی آغا 39، بابر اعظم 24، فخر زمان 10، عثمان خان 18، شاداب خان 1 اور شاہین آفریدی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ محمد نواز 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اور پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 168 رنز بنائے۔
آسٹریلوی بولر ایڈم زمپا نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بارلیٹ اور بیئرڈمین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم زیادہ مضبوط نہ ہو سکی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی۔ کیمرون گرین نے 36 اور بارلیٹ نے 34 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ لی۔
پاکستان کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹریوس ہیڈ نے کی، جبکہ اس میچ میں ماہلی بیئرڈمین، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا نے اپنا ٹی ٹوئنٹی کیریئر شروع کیا۔
پاکستان کی ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل تھے۔