واشنگٹن: امریکا کے مشرقی علاقے میں شدید برفباری نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے، اور شکاگو میں منفی 14 جبکہ کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ٹینیسی اور مسیسیپی میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری نے ایک لاکھ سے زائد افراد کو بجلی سے محروم کر دیا ہے، جب کہ برفانی طوفان کی وجہ سے فضائی سفر بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بدھ کو 653 امریکی ائیرلائنز کی پروازیں منسوخ ہوئیں اور ایک ہزار 77 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
ڈیلس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر برفباری اور بارش کے باعث آپریشن شدید متاثر ہو رہا ہے۔ امریکی ائیرلائنز نے اپنے عملے کو اضافی شفٹس کرنے کے لیے ڈبل تنخواہ کی پیشکش کی ہے تاکہ موجودہ صورتحال کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیو یارک اور نیو جرسی میں شدید سرد ہوائیں چلنے کی پیشگوئی ہے، اور سردی کا یہ سلسلہ اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔