اسلام آباد :پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (PIA) کی نجکاری کا عمل باضابطہ طور پر مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی تقریب میں حکومتِ پاکستان اور عارف حبیب کنسورشیم کے درمیان ٹرانزیکشن کی دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔
تقریب کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا، جس کا مقصد معاشی اصلاحات کے اس بڑے قدم کو ریاست کی مکمل حمایت فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کے دوران اس سنگ میل کو معاشی بحالی کی جانب بڑا قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا "پی آئی اے کی نجکاری ایک کٹھن مرحلہ تھا جسے آج کامیابی اور مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل سے ایئر لائن کے مستقبل کو محفوظ بناتے ہوئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
اس ٹرانزیکشن کے بعد پی آئی اے کا کنٹرول عارف حبیب کنسورشیم کے پاس چلا جائے گا، جس سے ایئر لائن کے مالیاتی خسارے کے خاتمے اور بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
PIA کی نجکاری کا عمل باضابطہ طور پر مکمل، عارف حبیب کنسورشیم اور حکومت کے درمیان حتمی معاہدہ طے پا گیا
06:04 PM, 29 Jan, 2026