کھلے مین ہول کا المناک حادثہ، داتا دربار کے قریب ماں جان کی بازی ہار گئی، 10 ماہ کی بچی کی تلاش جاری

10:55 AM, 29 Jan, 2026

لاہور: داتا دربار کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے کے افسوسناک واقعے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی، جبکہ اس کی 10 ماہ کی شیر خوار بچی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن 18 گھنٹے گزرنے کے باوجود جاری ہے۔
عینی شاہدین  کے مطابق متاثرہ خاندان داتا دربار میں حاضری کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اچانک سڑک پر موجود کھلے مین ہول کے باعث حادثہ پیش آیا۔ جاں بحق خاتون کی بہن رضیہ نے بتایا کہ 10 ماہ کی معصوم بچی اچانک ماں کی گود سے پھسل کر گٹر میں جا گری۔ بچی کو بچانے کے لیے والدہ سعدیہ نے فوری طور پر گٹر میں چھلانگ لگا دی، تاہم تیز پانی کے بہاؤ کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کی لاش نکال لی ہے، جبکہ بچی کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ 
واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ غفلت کے مرتکب پائے جانے پر ڈائریکٹر ٹیپا شبیر حسین کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید دو افسران کو بھی عہدوں سے ہٹا کر ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں