داتا دربار کے قریب  مین ہول میں گرنے والی 10 ماہ کی ردا فاطمہ کی لاش بھی برآمد

01:46 PM, 29 Jan, 2026

لاہور: داتا دربار کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والی 10 ماہ کی معصوم بچی ردا فاطمہ کی لاش 17 گھنٹے بعد برآمد کر لی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچی کی لاش تیز پانی کے بہاؤ کے باعث لاہور کے علاقے سگیاں سے ملی۔
افسوسناک واقعہ گزشتہ رات اس وقت پیش آیا جب اہلِ خانہ داتا دربار میں حاضری کے بعد واپس جا رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق 10 ماہ کی ردا فاطمہ اچانک اپنی والدہ کی گود سے پھسل کر کھلے مین ہول میں جا گری۔ بیٹی کو بچانے کے لیے والدہ سعدیہ بھی بغیر کسی خوف کے گٹر میں کود گئیں، تاہم دونوں جانبر نہ ہو سکیں۔ خاتون کی لاش گزشتہ رات ہی نکال لی گئی تھی۔
واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔ غفلت ثابت ہونے پر ڈائریکٹر ٹیپا شبیر حسین سمیت تین اعلیٰ افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا ہے اور واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

مزیدخبریں