بہاولپور: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کے دورے کے دوران پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج جدید ٹیکنالوجی اور بدلتی ہوئی جنگی حکمتِ عملی کے مطابق خود کو ڈھال رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں منعقدہ فیلڈ ایکسرسائز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی نے جنگ کی نوعیت بدل دی ہے، اور ہماری توجہ ملٹی ڈومین وارفیئر (کثیر الجہتی جنگ) کی تیاریوں پر مرکوز ہے۔سپہ سالار نے دفاعی مصروفیات کے ساتھ ساتھ علاقے کی سماجی و تعلیمی ترقی کیلئے اہم اقدامات کیے۔
"روہی ای اسکلز لرننگ حب" کا افتتاح کیا گیا تاکہ جنوبی پنجاب کے طلبہ ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کر سکیں۔اے پی ایس عباسیہ کیمپس کا افتتاح کیا، جو علاقے میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
فیلڈ مارشل نے ای ایم ای (EME) ریجنل ورکشاپ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں جدید جنگی پلیٹ فارمز کو برقرار رکھنے کیلئے مقامی سطح پر تیار کردہ ٹیکنالوجی اور مینٹیننس نظام پر بریفنگ دی گئی۔
دورے کے اختتام پر سپہ سالار نے یادگارِ شہداء پر فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ پاک فوج شہداء کی قربانیوں کی امین ہے اور وطن کی خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔