عالمی طاقتیں انصاف کریں ورنہ دنیا عدم استحکام کا شکار ہو جائے گی، پاکستان کا اقوام متحدہ میں انتباہ

09:54 AM, 29 Jan, 2026

نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگر عالمی برادری نے "طاقت کے بجائے قانون" کی بالادستی قائم نہ کی تو دنیا ایک بڑے عدم استحکام کی لپیٹ میں آ جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کنجی صرف مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل میں پنہاں ہے۔
پاکستانی مندوب نے غزہ کی صورتحال کو انسانیت کے لیے المیہ قرار دیتے ہوئے درج ذیل مطالبات پیش کیے۔
اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی (UNRWA) اور عالمی تنصیبات پر حملوں کو ناقابلِ قبول اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ غزہ میں محصور شہریوں تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کو فوری یقینی بنایا جائے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت جنگ بندی کے منصوبے پر فی الفور عملدرآمد کیا جائے۔
عاصم افتخار نے پاکستان کے دیرینہ موقف کی تجدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسی خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو اور وہ 1967 کی سرحدوں پر قائم ہو۔

مزیدخبریں