چار گھنٹوں میں سرکاری بھرتی: پاکستان بدل رہا ہے!

09:04 AM, 29 Jan, 2026

بلوچستان کو پسماندہ صوبہ تصور کیا جاتا ہے لیکن اسی صوبے نے سرکاری سطح پر بھرتیوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کر کے سب کو حیران کر دیا ہے ۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے ایک سو گیارہ سب اکاو¿نٹنٹس کی تقرری کا عمل چند گھنٹوں میں مکمل ہونا جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے مثبت پیغام ہے۔ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس اب مستقبل کی چیز نہیں بلکہ حال کی ضرورت بن چکی ہے۔ بلوچستان میں بھرتی کے لیے امتحان، جانچ، میرٹ لسٹ اور تقرری ناموں کا اجرا سمیت سب کچھ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوا۔ وہ کام جو ہمارے ہاں عام طور پر مہینوں میں ہوتا ہے یہاں چند گھنٹوں میں مکمل ہو گیا۔ یہ دراصل اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ اگر ہم جدید ٹیکنالوجی کو درست طریقے سے اپنائیں تو ہمارے دیرینہ مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔
اس تجربے میں امیدواروں کو سمارٹ ٹیبلٹس دی گئیں اور سسٹم میں کئی سوالات شامل کر دئیے گئے جن میں سے ہر امیدوار کے لیے الگ پرچہ خودکار طور پر تیار ہوا اور ہر امیدوار کو الگ الگ سول نامہ ملا ، جیسے ہی کسی نے پرچہ حل کیا اس کا نتیجہ بھی فوراً سامنے آ گیا۔ اس سارے مرحلے میں سفارش کی گنجائش رہی نہ فون کال کا اثر اور نہ کسی افسر کی پسند ناپسند آڑے آئی ۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور مشین نے صرف میرٹ دیکھا۔ یہ وہ شفافیت ہے جس کی ہم برسوں سے بات کرتے آ رہے ہیں مگر عملی شکل کم ہی 
دیکھنے کو ملتی ہے۔یہ واقعہ ہمیں سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ اگر بلوچستان جیسے صوبے میں یہ ممکن ہے تو باقی ملک میں کیوں نہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس آج دنیا بھر میں صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، بینکنگ، زراعت اور سرکاری امور تک میں استعمال ہو رہی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک پہلے ہی اپنے نظام ڈیجیٹل کر چکے ہیں۔ وہاں مریضوں کی تشخیص اے آئی سے ہوتی ہے، ٹریفک کنٹرول خودکار نظام سے چلتا ہے اور سرکاری خدمات آن لائن فراہم کی جاتی ہیں۔ ہم اگر اب بھی فائلوں اور مہروں کے دور میں الجھے رہیں گے تو عالمی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔
اسی طرح پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ اعتماد کا ہے۔ نوجوان سمجھتے ہیں کہ نوکری میرٹ پر نہیں ملتی، شہری یہ سوچتے ہیں کہ سرکاری کام سفارش کے بغیر نہیں ہوتا۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اس خلا کو پر کر سکتی ہے کیونکہ یہ تعلق نہیں دیکھتی بلکہ صرف ڈیٹا دیکھتی ہے۔ اگر بھرتیوں، امتحانات، ٹیکس، صحت اور دیگر شعبوں میں اے آئی کو شفاف انداز میں نافذ کیا جائے تو نہ صرف وقت بچے گا بلکہ اداروں پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہو گا۔ یقینا یہ بھی سچ ہے کہ اے آئی ہر مسئلے کا حل نہیں ہے۔ اگر سسٹم درست نہ بنے یا ڈیٹا غلط ہو تو نتائج بھی غلط آ سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ نگرانی، قوانین اور احتساب کا مضبوط نظام بھی ہو مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ہم خوف کی وجہ سے ترقی کا راستہ چھوڑ دیں۔ اصل ضرورت یہ ہے کہ ہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس باقاعدہ طور پر سیکھیں، خود کو اپ گریڈ کریں اور دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلیں۔ بلوچستان حکومت کا یہ ارادہ مثبت ہے کہ اس ماڈل کو دوسرے محکموں تک پھیلایا جائے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو بعید نہیں کہ آنے والے برسوں میں پاکستان میں سرکاری بھرتیوں کا نقشہ بدل جائے گا پھر شاید وہ دن بھی آ جائے جب نتائج مہینوں نہیں بلکہ دنوں میں ملیں اور سفارش کی جگہ میرٹ لے لے۔ 
یہ تبدیلی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ عوام کو بھی خود کو اس ڈیجیٹل دور کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ صرف ڈگریوں پر اکتفا نہ کریں بلکہ ڈیجیٹل مہارتیں، کمپیوٹر نالج اور نئی ٹیکنالوجیز بھی سیکھیں۔ صحافی ہوں، اساتذہ ہوں، ڈاکٹر ہوں یا سرکاری ملازم ہو اے آئی ہر شعبے میں داخل ہو چکی ہے۔ جو اس تبدیلی کو قبول کرے گا وہ آگے بڑھے گا اور جو انکار کرے گا وہ پیچھے رہ جائے گا۔بلوچستان حکومت کو خراج تحسین ہے کہ انہوں نے بھرتیوں کے نظام کو شفاف بنانے اور مہینوں کی پریکٹس کو چند گھنٹوں میں مکمل کیا ۔ اس تجربے سے معلوم ہوتا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوئی خطرہ نہیں بلکہ ایک موقع ہے۔ ایک ایسا موقع جس کے ذریعے ہم اپنے نظام کو شفاف، تیز اور بہتر بنا سکتے ہیں۔ یہ صرف ایک بھرتی نہیں بلکہ ایک سوچ کا آغاز ہے ۔ یہ سوچ پورے ملک میں پھیلی چاہیے ۔ اب یہ ہم پر ہے کہ ہم اس سوچ کو آگے بڑھاتے ہیں یا پرانے طریقوں سے چمٹے رہتے ہیں۔

مزیدخبریں