اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام ارکان اسمبلی سے یکم جولائی تا 31 دسمبر 2025 کے دوران دیے گئے سفری واؤچرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ اراکین کی اکثریت نے اس اقدام پر احتجاج کیا اور معاملہ سپیکر سردار ایاز صادق کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ارکان کو سالانہ دو اقساط میں 12 سے 15 لاکھ روپے مالیت کے واؤچرز دیے جاتے ہیں، جو وہ اپنے اور اہلِ خانہ کے فضائی سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واؤچرز کے استعمال کی تفصیلات فراہم کریں، جس کے بعد یکم جنوری سے 30 جون 2026 تک کے واؤچرز جاری کیے جائیں گے۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر سیکرٹریٹ نے چیف ویپ حزب اختلاف ملک عامر ڈوگر کو سابق قائدِ حزب اختلاف کے زیر التواء عدالتوں میں مقدمات کی موجودہ صورتحال کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے چوتھا خط بھیجا ہے۔ ترجمان کے مطابق مطلوبہ معلومات موصول ہونے کے بعد قائدِ حزب اختلاف کی تقرری کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔